اہم خبریں

مجتبیٰ خامنہ ای

دشمن ایران میں انتشار پھیلا کر قوم کو کمزور کرنا چاہتا ہے، مجتبیٰ خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن ایرانی قوم کو کمزور کرنے اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کے لیے ملک میں انتشار اور تقسیم پیدا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے قوم کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ اتحاد برقرار رکھیں اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی پارلیمنٹ کے نئے سیشن کے افتتاح کے موقع پر اپنے تحریری پیغام میں کہا کہ دشمن جنگ، معاشی دباؤ، پروپیگنڈے اور مختلف پابندیوں کے باوجود اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد اب وہ سماجی انتشار اور اختلافات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے مشکل حالات میں بھی ثابت قدمی، وفاداری اور امید کا مظاہرہ کیا اور یہی قومی اتحاد دشمن کے خلاف کامیابی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم نے بدترین دشمن کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تاریخ کو درست سمت میں گامزن رکھا۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے سیاسی رہنماؤں، دانشوروں اور اراکین پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ قوم میں وحدت اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے کو تنازع اور تقسیم میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے بلکہ قومی مفاد کو ہر صورت ترجیح دی جانی چاہیے۔

سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران کی آزادی، انقلاب اور اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے قومی اتحاد ناگزیر ہے اور دشمن کی ہر سازش کا مقابلہ صرف اتحاد اور یکجہتی سے ہی ممکن ہے۔

متعلقہ خبریں