نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ملک معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس کے بہترین دن ابھی آنا باقی ہیں۔
نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے منعقدہ عید ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے پاکستانی امریکی برادری کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے عالمی امن اور استحکام کے لیے سنجیدہ اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مشکل معاشی حالات سے نکل کر استحکام حاصل کیا ہے اور اب حکومت پائیدار اور تیز رفتار ترقی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی میں کمی، بہتر کریڈٹ ریٹنگ، مضبوط بیرونی کھاتوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے جیسے اشاریے معاشی بحالی کی نشاندہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں اور پاکستان عالمی منڈی میں مزید مضبوط مقام حاصل کر سکے۔
وزیر خارجہ نے 28 مئی 1998 کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دن پاکستان نے ایٹمی طاقت بن کر اپنی قومی صلاحیت اور عزم کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاک افواج کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ قوم نے اتحاد اور حوصلے کی مثال قائم کی۔
اسحاق ڈار نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔















