پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار امریکی دورے پر کل واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں کریں گے۔ اسحاق ڈار امریکی دورہ کے دوران امریکی وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے جہاں دونوں ممالک کے تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی گفتگو ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر بھی بات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اس وقت خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے تناظر میں پاکستان امن مذاکرات اور سفارتی حل پر زور دے رہا ہے تاکہ خطے میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف بھی حالیہ دنوں ایرانی صدر سے رابطہ کر چکے ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ ایران اور امریکا کے درمیان ایسا معاہدہ طے پا جائے گا جو خطے میں معاشی اور سیاسی استحکام کا باعث بنے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسحاق ڈار کا یہ دورہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ توقع ہے کہ ملاقاتوں کے بعد اسحاق ڈار واشنگٹن سے وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔















