کراچی میں پولیس نے منشیات کے خلاف ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون ملزمہ پنکی pinkyکو گرفتار کر لیا ہے، جس کے بعد شہر میں منشیات کے نیٹ ورک سے متعلق کئی نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ کارروائی گارڈن ویسٹ کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کی گئی جہاں ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا گیا۔
پولیس کے مطابق چھاپے کے دوران گرفتار ملزمہ کے فلیٹ سے بڑی مقدار میں منشیات اور کیمیکل مواد برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق تقریباً 1540 گرام کوکین، جبکہ ہزاروں گرام مختلف کیمیکل اور خام مال بھی تحویل میں لیا گیا جن میں بیکنگ پاؤڈر، ایفیڈرین، کیٹامین اور کوکین ہائیڈروکلورائیڈ شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ مواد مبینہ طور پر منشیات تیار کرنے اور اسے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران ایک پستول، دو میگزین اور درجن سے زائد راؤنڈ بھی برآمد ہوئے، تاہم ملزمہ اسلحے کا کوئی قانونی لائسنس پیش نہیں کر سکی۔
ٹرمپ کی ایک رات میں پچاس پوسٹیں، متنازعہ تصاویر نے تہلکہ مچا دیا
فلیٹ سے نقد رقم، موبائل فونز، بلینک چیک اور دیگر اہم شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ان شواہد کی بنیاد پر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔
مزید یہ کہ ملزمہ کے خلاف اسلحہ رکھنے کے الزام میں سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت الگ مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے اور شہر بھر میں ایسے نیٹ ورکس کے خلاف مزید کارروائیاں جاری رہیں گی۔















