کراچی ( اے بی این نیوز )کراچی کی صارف تحفظ عدالت نے ہوم اپلائنس کمپنی ڈاولینس کے سی ای او ( Dawlance CEO arrest warrant )کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے یہ کارروائی صارف عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کے باعث کی۔
تفصیلات کے مطابق شہری علی رضا نے 3 دسمبر 2021 کو ایک مقامی ڈیلر سے ریفریجریٹر خریدا تھا، جس پر 12 سالہ وارنٹی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ تاہم 8 جنوری 2024 کو ریفریجریٹر خراب ہوگیا، جس کے بعد صارف نے کمپنی سے وارنٹی کے تحت تبدیلی کا مطالبہ کیا۔
شرح سود میں ایک فیصد اضافہ، اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی جاری کردی
کمپنی نے مؤقف اختیار کیا کہ پراڈکٹ پر صرف ایک سال کی وارنٹی تھی اور مرمت کے لیے 9 ہزار 900 روپے طلب کیے۔ اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے صارف نے معاملہ صارف عدالت میں دائر کردیا۔
عدالت نے دستاویزات اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد صارف کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے کمپنی کو نیا ریفریجریٹر فراہم کرنے اور 40 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتی حکم پر عمل نہ ہونے کے باعث عدالت نے ڈاولینس کے سی ای او کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے سول لائنز پولیس کو 7 مئی تک عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔یہ کیس صارفین کے حقوق اور عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔















