ملک میں مہنگائی( Inflation Pakistan ) بڑھنے کی سالانہ شرح بڑھ کر 13.98 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد عوام پر مالی دباؤ میں مزید اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے یہ شرح 12.16 فیصد تھی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ ( Food Prices )کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 9 اشیا سستی ہوئیں اور 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق آلو کی قیمت میں 3.13 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ بریڈ 0.91 فیصد اور کوکنگ آئل 0.69 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ انڈے، مٹن، چکن اور گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ سامنے آیا ہے، جس سے گھریلو بجٹ مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 27.65 فیصد اور پیاز 9.35 فیصد سستے ہوئے، جبکہ ڈیزل، ایل پی جی، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔
مذاکرات کو دوسرا مر حلہ،ایران کی جانب سے گرین سگنل، عباس عراقچی کی آمد متوقع
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مجموعی مہنگائی میں 0.33 فیصد کمی ہوئی، تاہم سالانہ شرح میں اضافہ معاشی دباؤ کی نشاندہی کرتا ہے۔ خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ براہ راست عوامی زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے، جبکہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقات سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔















