اہم خبریں

اسرائیل کے لبنان میں حملوں سے صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے،راناثنااللہ

اسلام آباد (اے بی این نیوز‌) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں، کیونکہ خطے میں کشیدہ حالات کے باوجود اسلام آباد ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔اسرائیل کے لبنان میں حملوں سے صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کا واحد اور مؤثر حل مذاکرات ہیں، اور فریقین کے درمیان سہولت کاری اور معاملات کو آسان بنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی بڑے بحران سے بچا جا سکے۔ ان کے مطابق کوشش کی جا رہی ہے کہ جلد ایک درمیانی اور قابلِ قبول حل سامنے آئے جس سے رکاوٹیں ختم ہوں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لبنان میں اسرائیلی حملوں کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ موجود ہے، اور ماضی میں بھی ایسے واقعات نے صورتحال کو پیچیدہ بنایا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے جو پائیدار امن کی طرف لے جا سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی مؤثر حکمت عملی کے باعث سفارتی سطح پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس نے پیچیدہ معاملات کو بہتر انداز میں ہینڈل کرنے میں مدد دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی حکمت عملی کے باعث کشیدگی پر قابو پانے کی کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں اور قیادت کی مربوط حکمت عملی سے صورتحال میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق مذاکرات کا عمل جاری ہے اور امن کے لیے سفارتی کوششوں میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔رانا ثنا اللہ نے خبردار کیا کہ امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں بھی ہو سکتی ہیں، اس لیے احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کے درمیان رابطے تیز ہیں اور قومی مفاد میں مشاورت کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومتی وفد نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں مولانا فضل الرحمان سے تفصیلی مشاورت شامل ہے۔ اسی طرح پی ٹی آئی قیادت سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور صورتحال پر باضابطہ بات چیت ہوئی ہے۔ موجودہ حالات میں احتجاج کے بجائے اعتدال اور سیاسی تحمل کی ضرورت ہے، اسی لیے بعض جماعتوں نے اپنے احتجاجی پروگرام موخر یا منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے انہوں نے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

مزید پڑھیں :کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا

متعلقہ خبریں