اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے میڈیکل داخلوں سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) کے پاسنگ مارکس میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں خالی نشستوں کو پر کرنا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق MDCAT کے لیے پاسنگ پرسنٹیج میں مجموعی طور پر 3 فیصد کمی کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے تحت MBBS کے لیے پاسنگ مارکس 55 فیصد سے کم ہو کر 52 فیصد کر دیے گئے ہیں، جبکہ BDS کے لیے یہ شرح 50 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق تمام جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 اپریل 2026 تک داخلوں کا عمل مکمل کریں۔ پہلے سے اہل امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی، تاہم اگر نشستیں خالی رہ جائیں تو ہی یہ رعایت نافذ ہوگی۔مزید برآں نجی طبی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مستحق طلبہ کے لیے فیسوں میں کمی یقینی بنائیں اور مقررہ فیس سے زائد وصولی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ داخلوں کے عمل میں میرٹ اور شفافیت ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔
مزید پڑھیں :عمران خان کا پیغام مجھے مل گیا ہے،بیرسٹر گوہر















