اہم خبریں

ایران اور امریکا میں سیز فائر ،مگر اصل حقیقت کیا ہے جانیے

اسلام آباد (اے بی این نیوز) ٹرمپ کی ڈیڈ لائن چند گھنٹے کی دوری پر ہے۔ ایسے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ان سے مزید 2 ہفتے کے لیے مہلت کی اپیل کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ایران سے جذبہ خیر سگالی کے تحت آبنائے ہرمز کو 2 ہفتے کے لیے کھولنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے حوالے سے ایکس پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنازع کے پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں بتدریج، مضبوط اور موثر انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں اور امید ہے کہ ان کوششوں کے جلد ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ سفارت کاری کو کامیاب ہونے کا موقع دیں اور اسی مقصد کے لیے انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے درخواست کی کہ وہ اپنی ڈیڈ لائن میں دو ہفتے کی توسیع کریں تاکہ مذاکراتی عمل بغیر کسی دباؤ کے آگے بڑھ سکے۔

وزیر اعظم نے خلوص دل سے ایران سے آبنائے ہرمز کو دو ہفتوں کے لیے خیر سگالی کے جذبے سے کھولنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور اعتماد سازی کو فروغ دیا جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام متحارب فریق دو ہفتوں کے لیے مکمل جنگ بندی کی پابندی کریں تاکہ سفارتی کوششوں کو نتیجہ خیز انجام تک پہنچایا جا سکے جو کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے بہت ضروری ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے مشرقی وقت کے مطابق آج رات 8 بجے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ یہ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے کا ہے۔ صدر ٹرمپ نے دھمکی دی تھی کہ اگر آبنائے ہرمز کو نہ کھولا گیا تو پلوں اور پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں سونے کی قیمتیں مستحکم، تازہ نرخ جاری کیے گئے

متعلقہ خبریں