پاراچنار ( اے بی این نیوز )پاراچنار اور گرد و نواح میں اپریل کے مہینے میں غیر معمولی سردی نے شہریوں کو حیران کر دیا ہے، جہاں کوہِ سفید پر کئی روز سے مسلسل برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ پہلی بار ہے کہ اپریل میں اتنے مسلسل دنوں تک برفباری دیکھی جا رہی ہے، جس نے موسم کو شدید سرد بنا دیا ہے۔
پاراچنار شہر اور ملحقہ علاقوں میں موسلا دھار بارش نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث بارانی ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جس سے مختلف مقامات پر آمد و رفت معطل ہو گئی ہے اور شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔
سمیر بساتو کے علاقے میں دریا برد ہونے والی سڑک تاحال بحال نہ ہو سکی، جس کے باعث مقامی آبادی کو روزمرہ آمد و رفت، مریضوں کی منتقلی اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں سخت دشواری پیش آ رہی ہے۔ زمینی رابطے منقطع ہونے سے کئی علاقوں میں اشیائے خور و نوش کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔
ضلع بھر میں مسلسل بارشوں اور سرد موسم کے باعث کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ شہری شدید سردی اور بارش سے بچنے کے لیے گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے سیلابی صورتحال اور بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کرم کی ہدایت پر سمیر کے علاقے میں دریا برد سڑک کی بحالی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں : تحریک انصاف آزاد کشمیر نے انتخابات کے لیے منشور کمیٹی کے قیام کا اعلان کر دیا















