اہم خبریں

ایران نے اسرائیل کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی

تہران ( اے بی این نیوز     )ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، حالیہ حملوں میں شدید جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے بیلسٹک اور کلسٹر میزائلوں کے ذریعے کیے گئے حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی شہر حیفہ میں کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

مقامی حکام اور امدادی اداروں کے مطابق کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے بعد ملبے سے چار لاشیں نکالی گئیں، جن میں مختلف عمر کے مرد و خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں بھی متعدد افراد شامل ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ امدادی ٹیموں نے نہایت احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹایا کیونکہ خدشہ تھا کہ علاقے میں مزید خطرناک مواد موجود ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بعض میزائلوں کے وارہیڈ زمین پر گرنے کے باوجود مکمل طور پر پھٹ نہیں سکے، تاہم ان کے اثرات کے باعث عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ کچھ میزائل فضا میں ہی نشانہ بنائے گئے، جس کے نتیجے میں ان کے حصے رہائشی علاقوں پر گرے اور تباہی کا سبب بنے۔

اسی علاقے میں کچھ ہی دیر بعد ایک اور حملہ کیا گیا جس میں کلسٹر وارہیڈ استعمال ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے نتیجے میں مزید زخمی ہونے کے واقعات سامنے آئے۔ صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی ادارے اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں اور متاثرہ علاقوں میں سرچ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران اب تک سینکڑوں میزائل داغے جا چکے ہیں، جس کے نتیجے میں جانی نقصان کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ عالمی سطح پر اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور فریقین سے تحمل اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی اپیل کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں :ایران ڈٹ گیا،تجا ویز مسترد

متعلقہ خبریں