اسلام آباد ( اے بی این نیوز )ملک بھر میں بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ ملک میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث بالائی اور مغربی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔ مسلسل بارشوں کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت کئی بڑے شہروں میں تیز بارش کے ساتھ طوفانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور اندرون سندھ میں بھی موسم خراب ہونے کی پیشگوئی سامنے آئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے اور نشیبی علاقوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ ڈی جی خان، سوات، دیر اور وزیرستان سمیت کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کے باعث خطرات بڑھ گئے ہیں۔
شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس سے نکاسی آب کا نظام متاثر ہو سکتا ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ بارش کے دوران سڑکیں پھسلن کا شکار ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
اتھارٹی نے ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رہا جا سکے۔
مزید پڑھیں :ایوان صدر میں بڑی سیا سی بیٹھک، سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا















