کراچی ( اے بی این نیوز ) نیو سبزی منڈی کے قریب فقیرا گوٹھ کے علاقے میں 3 سالہ بچہ احسن کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا گیا ہے اور ایک بار پھر شہر کے بگڑتے انفراسٹرکچر پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بچہ ایک رات قبل لاپتہ ہو گیا تھا اور اہل خانہ پوری رات اسے تلاش کرتے رہے، تاہم بعد میں اس کی لاش قریبی مین ہول سے ملی۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ مین ہول کئی ماہ سے بغیر ڈھکن کے کھلا تھا، جس کے باعث یہ افسوسناک سانحہ پیش آیا۔
اس واقعے پر سیاسی ردعمل بھی سامنے آیا ہے، جہاں حلیم عادل شیخ نے حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے نااہلی قرار دیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، جو پوری نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور کھلے مین ہولز جیسے مسائل مسلسل انسانی جانیں لے رہے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ گزشتہ کئی برسوں میں بھاری بجٹ کے باوجود کراچی کے حالات میں بہتری نظر نہیں آتی، بلکہ مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔
کراچی، مین ہول حادثہ، بچہ جاں بحق، فقیرا گوٹھ، شہری مسائل، انفراسٹرکچر، حلیم عادل شیخ، سندھ حکومت، عوامی ردعمل، کراچی خبریں
مزید پڑھیں :اسلام آباد، راولپنڈی میں موسم خطرناک ہو گیا،شدید طوفا نی باد و باراں،دن میں اندھیرا چھا گیا















