اسلام آباد ( رانا فرخ )صدر آل پاکستان جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن اور ممبر لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ خورشید احمد قریشی نے ملک میں جانوروں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں مویشیوں کی تعداد میں خطرناک حد تک کمی واقع ہو رہی ہے، جس کے باعث طلب اور رسد میں واضح فرق پیدا ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے تحاشا ایکسپورٹ، غیر منظم ذبح اور شادی بیاہ سمیت دیگر تقریبات میں گوشت کے بے دریغ استعمال نے اس صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
مزید برآں، انہوں نے خاص طور پر بکرے کے گوشت (مٹن) کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مارکیٹ میں مٹن کی قیمتیں تین ہزار روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر چکی ہیں، جو عام آدمی کی قوتِ خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی بکرے اور مٹن کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث قربانی کے لیے بکرے کی خریداری عوام کے لیے مزید مشکل ہو جائے گی۔
خورشید احمد قریشی نے صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، وزیر داخلہ، وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور وزیر تجارت سے اپیل کی کہ وہ اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں تاکہ عوام کو ممکنہ مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ گوشت کی ایکسپورٹ کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے، جبکہ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں گوشت کے استعمال کو ضابطے میں لانے کے لیے مؤثر پالیسی مرتب کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایتھوپیا، صومالیہ اور دیگر ممالک سے مویشیوں کی فوری درآمد ناگزیر ہو چکی ہے تاکہ طلب اور رسد کے درمیان توازن قائم رکھا جا سکے اور قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو روکا جا سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو عیدالاضحیٰ کے قریب جانوروں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو سکتی ہیں، جس سے قربانی جیسے اہم فریضے کی ادائیگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
آخر میں خورشید احمد قریشی نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری، عملی اور دیرپا فیصلے کرے گی تاکہ ملک میں مویشیوں کی قلت پر قابو پایا جا سکے اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم ہو سکے۔
مزید پڑھیں :اسلام آباد میں موسم نے اچانک رخ بدل لیا شہر پر سیاہ بادلوں اور تیز ہواؤں کا راج















