تہران (اے بی این نیوز )ایران نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور نقدی کی کمی پر قابو پانے کے لیے ایک کروڑ ریال کا نیا کرنسی نوٹ جاری کر دیا ہے، جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا بینک نوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد روزمرہ لین دین کو آسان بنانا اور کیش کی قلت کو کم کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بینکوں نے اس ہفتے گلابی رنگ کے نئے نوٹ کی فراہمی شروع کر دی ہے، جس کی مالیت تقریباً سات امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ تاہم نوٹ کے اجرا کے بعد مختلف شہروں میں اے ٹی ایمز کے باہر شہریوں کی لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں اور کئی مقامات پر نقدی جلد ختم ہونے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔
نئے کرنسی نوٹ پر ایران کے تاریخی ورثے کو نمایاں کیا گیا ہے، جس میں ایک جانب جامع مسجد یزد جبکہ دوسری جانب بام قلعہ کی تصاویر شامل ہیں۔ اس سے قبل بھی حالیہ مہینوں میں بڑے مالیت کے نوٹ متعارف کرائے گئے تھے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ملک کو مسلسل معاشی دباؤ کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں :روس نے کھل کر ایران کی حمایت کا اعلان کر دیا















