تہران ( اے بی این نیوز ) علی لاریجانی کی شہادت کے بعد ایران نے اسرائیل کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر میزائل حملے کیے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں کے دوران تل ابیب اور یروشلم میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، جس کے بعد شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، جس سے گاڑیوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم دو افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ “آپریشن وعدہ صادق 4” کے تحت حملوں کی نئی لہر شروع کی گئی ہے، جس میں جدید میزائل استعمال کیے گئے۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ 100 سے زائد فوجی اور سکیورٹی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ مختلف شہروں میں اہداف پر حملوں کی تفصیلات بھی سامنے آ رہی ہیں۔
ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی علی لاریجانی کی شہادت کے ردعمل میں کی گئی، جنہیں مبینہ طور پر امریکا اور اسرائیل کی کارروائی میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔دوسری جانب رپورٹس کے مطابق بغداد ایئرپورٹ کے قریب امریکی سفارتی مرکز پر ڈرون حملہ کیا گیا جبکہ اربیل میں واقع امریکی بیس کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کا طبی معا ئنہ مکمل،ٹیم اڈیالہ جیل سے روانہ















