اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) وزیراعظم کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں مستحق خاندانوں کو دی جانے والی مالی امداد اور ادائیگیوں کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیکیج کے تحت اب تک 89 فیصد مستحق افراد کو رقوم منتقل کی جا چکی ہیں، جسے حکومت کی بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے مستحق شہریوں تک مالی امداد شفاف طریقے سے پہنچانے کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام استعمال کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک ایک کروڑ 95 لاکھ 55 ہزار 620 سے زائد ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز مکمل کی جا چکی ہیں، جس سے امدادی رقوم کی فراہمی میں رفتار اور شفافیت دونوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحقین تک رقوم کی شفاف اور بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عمل میں شامل تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور ہدایت دی کہ آئندہ بھی امدادی رقوم کی ادائیگی جدید نظام کے تحت یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں سوشل پروٹیکشن والٹس اور جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے استعمال کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔ حکام کے مطابق اس نظام کے ذریعے نہ صرف ادائیگیوں میں شفافیت بڑھی ہے بلکہ مستحق افراد کو براہ راست مالی مدد فراہم کرنے کا عمل بھی آسان ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت جاری کی کہ مستقبل میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تمام ادائیگیاں بھی اسی سوشل پروٹیکشن والٹس سسٹم کے ذریعے یقینی بنائی جائیں تاکہ امدادی رقوم کا نظام مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں :پاکستان میں عید الفطر کس دن ہو گی، جمعہ یا ہفتہ کو،جا نئے















