اسلام آباد (اے بی این نیوز)وفاقی حکومت نے رمضان کے مقدس مہینے میں کم آمدنی والے خاندانوں کو ریلیف دینے کے لیے خصوصی امدادی پروگرام متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت مستحق گھرانوں کو تیرہ ہزار روپے تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ رقم ڈیجیٹل نظام کے ذریعے براہ راست مستحق افراد تک پہنچائی جائے گی تاکہ لمبی قطاروں اور پیچیدہ طریقہ کار سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد مہنگائی اور بڑھتے اخراجات کے دوران کمزور طبقوں کو سہارا فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت شناختی کارڈ کی بنیاد پر مستحق افراد کی تصدیق کی جائے گی اور اہل خاندانوں کو مالی امداد دی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مستحق افراد اپنی اہلیت جانچنے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر نو ہزار نو سو ننانوے پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھیج سکتے ہیں۔ سسٹم کی جانب سے تصدیقی پیغام موصول ہونے کے بعد شہری اپنی اہلیت کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔ یہ سہولت تمام بڑے موبائل نیٹ ورکس پر دستیاب ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صرف سرکاری ذرائع استعمال کریں اور کسی تیسرے فریق یا دھوکہ دہی سے بچیں۔
اہلیت کے لیے چند بنیادی شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں جن میں درست شناختی کارڈ کا حامل ہونا، کم آمدنی یا مستحق گھرانے سے تعلق ہونا، فعال ٹیکس دہندہ نہ ہونا اور سرکاری ملازم نہ ہونا شامل ہے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کا ڈیٹا سرکاری فلاحی ریکارڈ سے مطابقت رکھنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ہونے والے ایک اجلاس میں معاشی امور سے متعلق حکام نے بتایا کہ رمضان ریلیف پروگرام کے لیے اربوں روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ مستحق افراد کو بروقت مالی مدد فراہم کی جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پروگرام کو شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ امداد براہ راست مستحق افراد تک پہنچ سکے۔
مزید پڑھیں :پٹرول مزید مہنگا؟















