تہران ( اے بی این نیوز )ایران کے وزیر خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو جنگ کو مزید بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے اور حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا ضروری ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال اور آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خطے اور آبنائے ہرمز میں بدامنی کی اصل وجہ امریکا اور اسرائیل کی پالیسیاں ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرے اور صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں ذمہ دارانہ سفارتی رویہ ہی خطے میں امن و استحکام کا راستہ ہموار کر سکتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ بھی کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے کیے جانے والے حملے صرف ان ممالک کے فوجی اڈوں تک محدود ہیں جو ایران کے خلاف جارحانہ اقدامات میں شامل ہیں۔
مزید پڑھیں :ایران میں کالی بارش،جا نئے وجہ















