واشنگٹن (اے بی این ) مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث مختلف ممالک میں جانی نقصان کے اعداد و شمار تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا ادارے سی این این کے مطابق اس جنگ میں اب تک مجموعی طور پر دو ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران میں فوجیوں سمیت تقریباً 1300 سے 1858 تک افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جس سے وہاں انسانی نقصان کی صورتحال انتہائی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب لبنان میں بھی جنگ کے اثرات شدید دیکھے گئے جہاں 103 بچوں سمیت 773 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
امریکا کو بھی اس جنگ میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ عراق میں پیش آنے والے طیارہ حادثے میں 6 امریکی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ مجموعی طور پر ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے۔اسرائیل میں بھی جنگی صورتحال کے دوران 2 فوجیوں سمیت 15 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عراق میں 32 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ کویت میں ایک 11 سالہ بچی سمیت 6 شہری ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
خلیجی ممالک میں بھی اس جنگ کے اثرات سامنے آئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جن میں پاکستانی، نیپالی اور بنگلہ دیشی شہری شامل بتائے جا رہے ہیں۔ عمان میں ایک بھارتی شہری سمیت 3 غیر ملکی ہلاک ہوئے جبکہ بحرین اور سعودی عرب میں بھی دو دو افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں :آبنائے ہرمز کی بندش،1000 بحری جہاز،200کے قریب آئل ٹینکرز منتظر، صرف ایرانی بحری جہازوں کو گزرنے کی اجازت















