اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) اسلام آباد میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر امریکی سفارتخانے نے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ جبکہ لاہور، کراچی اور پشاور میں قونصل خانے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
الرٹ کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث امریکی سفارتخانے کے عملے کی نقل و حرکت کو 15 مارچ تک محدود کر دیا گیا ہے۔ سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ مظاہروں کے باعث بڑے اجتماعات، ٹریفک کے شدید دباؤ اور سڑکوں کی بندش جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جس کے پیش نظر احتیاطی اقدامات اختیار کیے جا رہے ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی کے پیش نظر مختلف علاقوں میں چیک پوسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جبکہ بعض مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس میں عارضی خلل کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ احتجاجی مظاہروں کے باعث ٹریفک کے راستوں میں تبدیلی اور بعض سڑکوں کی بندش بھی متوقع ہے۔
امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بڑے اجتماعات اور مظاہروں سے دور رہیں، اپنے اردگرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ شہریوں کو مقامی خبروں پر نظر رکھنے اور سیکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ امریکی شہریوں کو بیرون ملک سفری رجسٹریشن پروگرام یعنی اسٹیپ میں اپنی معلومات اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں سفارتخانہ ان سے فوری رابطہ کر سکے۔
مزید پڑھیں :جنگ کے بعد پاکستان اور ترکی مسلم دنیا کی قیادت کریں گے، جیا کشور ی کی پیشین گوئی















