جدہ (اے بی این نیوز ) جدہ میں پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال، باہمی تعاون اور امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم پاکستان نے جدہ میں مملکت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی جسے دونوں ممالک کے تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے آغاز میں وزیراعظم پاکستان نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری ستائش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مشکل حالات میں بھی دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت، سکیورٹی صورتحال اور امن کے قیام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مشرق وسطیٰ سمیت پورے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعظم پاکستان نے ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتا رہے گا۔ ملاقات کو پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں ،بحرین میں خطرے کے سائرن بج اٹھے















