اہم خبریں

ایران کے صدر کا اہم بیان،جنگ کے خاتمہ کا واحد راستہ بتا دیا،جا نئے تفصیل

اسلام آباد (اے بی این نیوز    )ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں جاری کشیدگی اور حالیہ جنگی صورتحال پر اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے روس اور پاکستان کی قیادت سے ٹیلی فون پر تفصیلی بات چیت کی ہے جس میں خطے کی سکیورٹی صورتحال اور جنگ کے خاتمے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر کے مطابق ان رابطوں کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ ایران خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے مذاکرات اور سفارتی راستے کو ترجیح دیتا رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی امن کے قیام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ جنگ دراصل صیہونی حکومت اور امریکہ کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس نے خطے میں حالات کو خطرناک حد تک کشیدہ بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق ان اقدامات نے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ایران کے آئینی اور قانونی حقوق کو تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور خودمختاری کے معاملے پر کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کرے گا اور اس حوالے سے عالمی برادری کو حقیقت پسندانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر واقعی خطے میں پائیدار امن قائم کرنا مقصود ہے تو ایران کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ مستقبل میں کسی بھی جارحیت کو روکنے کے لیے مضبوط عالمی ضمانتیں فراہم کی جائیں۔ صرف اسی صورت میں کشیدگی میں کمی لائی جا سکتی ہے جب انصاف پر مبنی اقدامات کیے جائیں اور تمام فریق بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کا احترام کریں۔

مزید پڑھیں :شیطانی مجسمہ کی اصل حقیقت سامنے آگئی،مجسمہ بنانے والے شخص کا سراغ لگا لیا گیا،جا نئے

متعلقہ خبریں