تہران (اے بی این نیوز ) ایرانی فوج کی جانب سے عالمی توانائی مارکیٹ کے حوالے سے سخت انتباہ سامنے آیا ہے۔ ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ دنیا کو تیل کی قیمت دو سو ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کے امکان کے لیے تیار رہنا چاہیے کیونکہ خطے میں جاری کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال عالمی منڈی پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہے۔
ایرانی فوج کے مطابق تیل کی قیمت کا براہِ راست تعلق علاقائی سلامتی اور استحکام سے ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بعض عالمی طاقتوں کی پالیسیوں نے خطے کو غیر مستحکم کر دیا ہے جس کے اثرات عالمی توانائی مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔ فوجی حکام نے الزام عائد کیا کہ اگر صورتحال اسی طرح کشیدہ رہی تو عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ ایران کے پاس ایسے وسائل اور صلاحیت موجود ہے جس کے ذریعے وہ توانائی کی ترسیل پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ اگر ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ایران اس کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور توانائی کے شعبے میں بھی مؤثر ردعمل دیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ایک خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق خلیج فارس میں مزید تین جہاز حملوں کا نشانہ بنے ہیں جس کے بعد سمندری راستوں کی سکیورٹی کے بارے میں تشویش بڑھ گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان حملوں کے بعد جہازوں کو نقصان پہنچا تاہم واقعے کی مکمل تفصیلات اور ذمہ داروں کے بارے میں ابھی تک واضح معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔















