احمد آباد ( اے بی این نیوز )ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سفری انتظامات کے معاملے پر ایک غیر معمولی صورتحال سامنے آئی ہے جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چارٹرڈ فلائٹس کا بندوبست نہ کر سکی، جس کے باعث ویسٹ انڈین کرکٹرز کو کمرشل پروازوں کے ذریعے وطن واپس روانہ ہونا پڑ رہا ہے۔ٹیم کے کھلاڑی ورلڈ کپ ختم ہونے کے بعد تقریباً 9 دن تک بھارت میں موجود رہے اور وہ چارٹرڈ فلائٹ کے انتظام کا انتظار کرتے رہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ایونٹس کے دوران کھلاڑیوں کے سفری انتظامات کی ذمہ داری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر ہوتی ہے، تاہم اس بار چارٹرڈ فلائٹ مسلسل تاخیر کا شکار رہی۔
ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں کو واپس لے جانے کے لیے ایک چارٹرڈ فلائٹ کا بندوبست کیا گیا تھا، لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر اس میں بار بار تاخیر ہوتی رہی۔ اس تاخیر کے باعث کھلاڑیوں کو ذہنی دباؤ اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔کرکٹ ویسٹ انڈیز نے بعد ازاں آئی سی سی کو آگاہ کیا کہ ٹیم مزید انتظار نہیں کرے گی اور کھلاڑیوں کی واپسی کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں گے۔ اسی فیصلے کے بعد کھلاڑیوں کی کمرشل فلائٹس کے ذریعے وطن واپسی کا عمل شروع کر دیا گیا۔
ادارے کے مطابق چند کھلاڑی بھارت سے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی پروازیں مرحلہ وار ترتیب دی جا رہی ہیں۔ کچھ کھلاڑی منگل کے روز روانہ ہوں گے جبکہ باقی بدھ کے روز مختلف پروازوں کے ذریعے اپنے ملک پہنچیں گے۔
مزید پڑھیں :ایران کے نئے سپریم راہنما کا خوف،اسرائیل حواس کھو بیٹھا،ایرانی عوام سے حمایت کی بھیک مانگ لی















