اہم خبریں

عیدالفطر کب ہو گی،تاریخ بارے جا نئے

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )رمضان المبارک کے آخری عشرے کے قریب آتے ہی پوری دنیا میں عیدالفطر کی ممکنہ تاریخ کے حوالے سے بحث تیز ہوگئی ہے، اور اب بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے شوال کے چاند سے متعلق اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے جس نے سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس سال مختلف ممالک میں رمضان المبارک کے آغاز کے فرق کے باعث عیدالفطر کی تاریخ بھی مختلف ہونے کا امکان ہے۔ مرکز کی تازہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک میں پہلا روزہ بدھ 18 فروری کو رکھا گیا تھا وہاں شوال کے چاند کی رویت بدھ 18 مارچ کو متوقع ہے، تاہم سائنسی حساب کے مطابق اس دن چاند دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اس تاریخ کو چاند سورج سے پہلے غروب ہو جائے گا جبکہ چاند اور سورج کا اجتماع سورج غروب ہونے کے بعد ہوگا، جس کی وجہ سے چاند کا نظر آنا سائنسی طور پر ناممکن قرار دیا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان ممالک میں رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہونے کے بعد عیدالفطر جمعہ 20 مارچ کو ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب جن ممالک میں پہلا روزہ جمعرات 19 فروری کو رکھا گیا تھا وہاں شوال کا چاند جمعرات 19 مارچ کو تلاش کیا جائے گا۔ فلکیاتی مرکز کے مطابق اس دن دنیا کے کئی حصوں میں چاند کی رویت انتہائی مشکل ہوگی، خاص طور پر عالم اسلام کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں چاند دیکھنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

فلکیاتی حساب سے چاند کی عمر، افق سے بلندی اور سورج سے زاویائی فاصلے جیسے عوامل اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ چاند دیکھا جا سکتا ہے یا نہیں۔ اسی بنیاد پر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ان خطوں میں عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ کو منائی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں :جیٹ فیول مہنگا،کرایوں میں اضافہ

متعلقہ خبریں