پشاور (اے بی این نیوز) محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے سرکاری اداروں کو پیٹرولیم مصنوعات کے محتاط اور کفایتی استعمال کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق تمام سرکاری دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کا استعمال صرف ضروری سرکاری امور اور ہنگامی صورتحال تک محدود رکھا جائے۔ اس کے ساتھ غیر ضروری سرکاری دوروں اور معائنوں سے گریز کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کو صرف سرکاری مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے جبکہ جہاں ممکن ہو گاڑیوں کے مشترکہ استعمال کو فروغ دیا جائے تاکہ ایندھن کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے فیول سپلائی کی ممکنہ صورتحال پر وفاقی حکام سے ہونے والے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کرے گی جن کا براہِ راست بوجھ عوام پر پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے تنازع کا بوجھ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں عوام پر ڈالنا مناسب نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بحران کے وقت حکومتی فضول اخراجات کم کر کے وسائل عوام کو ریلیف دینے پر خرچ کیے جائیں۔
مزید پڑھیں:نئے سپریم لیڈر کا انتخاب، اہم تفصیلات سامنے آ گئیں















