اہم خبریں

نئے ٹریفک قوانین کے تحت سڑک حادثے کے متاثرین کو مالی معاوضہ دینے کا اعلان، تفصیلات جانیں

کراچی (اے بی این نیوز) صوبہ سندھ میں ٹریفک حادثات کے متاثرین کے مالی تحفظ کے لیے اہم قدم اٹھا لیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے سندھ موٹر وہیکل ایکٹ میں ترامیم متعارف کرادی ہیں، جس کے تحت گاڑیوں کے لیے تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

نئی ترامیم کے مطابق تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کی شرط کو وہیکل رجسٹریشن ایکٹ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اس کے تحت تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کے بغیر کوئی گاڑی رجسٹرڈ نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لیے تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس بھی لازمی ہو گی۔

نئے نظام کے تحت اگر کوئی شخص سڑک حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے تو متاثرہ فریق کو انشورنس کی مد میں 7 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا جب کہ مستقل معذوری کی صورت میں متاثرہ شخص کو 5 لاکھ روپے تک کی رقم فراہم کی جائے گی۔

دریں اثنا، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کا کہنا ہے کہ تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس کو باقاعدہ قانون کا حصہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایجنسی کے مطابق تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس پالیسیوں کی تصدیق کے لیے ایک آن لائن ڈیٹا بیس بھی تیار کیا گیا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق پنجاب میں گاڑیوں کے روٹ پرمٹ کو انشورنس سسٹم سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک حادثات سے متاثرہ افراد کو مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں‌:شائقین کے لیے افسوسناک خبر، اہم بلے باز باؤنسر لگنے سے اسپتال میں داخل

متعلقہ خبریں