کراچی (اے بی این نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران سے متعلق صورتحال کے باعث توانائی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس کا اثر مقامی مارکیٹ پر بھی پڑ رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق کراچی شہر میں ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 30 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اب گھریلو استعمال کی گیس 330 روپے فی کلو کے قریب فروخت ہو رہی ہے۔ قیمتوں میں اس اچانک اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور عالمی سپلائی چین میں خلل کی وجہ سے توانائی کی مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایل پی جی کی سپلائی میں خلل کے باعث مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت تقریباً 226 روپے فی کلو مقرر کی گئی تھی تاہم اس وقت مارکیٹ میں اس سے کہیں زیادہ قیمت وصول کی جارہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے گھریلو اخراجات کا بوجھ مزید بڑھ رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو توانائی کی دیگر مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں جس کا اثر عام صارفین پر پڑنے کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں:امریکی سفارتخانے پربڑاحملہ ، اہم تفصیلات سامنے آگئیں















