اہم خبریں

وزیر اعلیٰ پنجاب کا صوبے بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

لاہور( اے بی این نیوز    ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے پیش نظر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب پولیس کے سربراہ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کیا جائے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے فورس کو مکمل طور پر تیار رکھا جائے۔

اجلاس میں مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر حساس تنصیبات کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ چینی باشندوں، سکھ یاتریوں اور دیگر غیر ملکی شہریوں کی حفاظت کیلئے خصوصی سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور ان کے قیام و آمد و رفت کے مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔

مزید برآں بین الصوبائی سرحدی چوکیوں اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا حکم دیا گیا ہے تاکہ مشکوک عناصر کی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔ اجلاس میں انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ، سپیشل برانچ اور دیگر انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مربوط کارروائیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے گی اور مشتبہ افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں قیام امن ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں :ٹی 20ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کا کپتان کون ہو گا،نام سامنے آگیا ،جا نئے

متعلقہ خبریں