کراچی ( اے بی این نیوز ) ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد زیورات خریدنے والے شہریوں اور سرمایہ کاروں کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ صرافہ مارکیٹ ذرائع کے مطابق مقامی سطح پر فی تولہ سونا 2 ہزار 500 روپے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 5 لاکھ 26 ہزار 462 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 144 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 51 ہزار 356 روپے ہو گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست مقامی مارکیٹ پر مرتب ہو رہے ہیں جس کے باعث نرخوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔
عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں 25 ڈالر فی اونس اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 5 ہزار 37 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کو معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی دلچسپی سے جوڑا جا رہا ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 170 روپے مہنگی ہو کر 8 ہزار 574 روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 145 روپے اضافے کے بعد 7 ہزار 350 روپے ہو گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت 80 اعشاریہ 90 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی ہے۔
مزید پڑھیں :چھٹیوں کا نیا شیڈول آگیا















