لاہور( اے بی این نیوز ) محکمہ صحت پنجاب نے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں اور طبی اداروں میں چھٹیوں کی منظوری کے نظام میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے نئے احکامات جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت سینئر ڈاکٹرز کی رخصت کی منظوری کا اختیار ہسپتال انتظامیہ سے واپس لے لیا گیا ہے۔ فیصلے کا مقصد انتظامی امور میں شفافیت اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے۔
اب ٹیچنگ ہسپتال صرف گریڈ 17 تک کے ملازمین کی زیادہ سے زیادہ 89 دن کی رخصت منظور کر سکیں گے، جبکہ سینئر رجسٹرار سے لے کر پروفیسرز تک کے عہدوں پر فائز ڈاکٹرز کی ہر قسم کی چھٹی کی منظوری براہ راست محکمہ صحت کے مجاز افسران دیں گے۔ اس اقدام کے بعد گریڈ 18 سے 20 تک کے جنرل کیڈر ڈاکٹرز کی چھٹیوں کی منظوری بھی محکمہ صحت کے دائرہ اختیار میں آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل تمام ڈاکٹرز اور سرکاری ملازمین کی 89 دن تک کی رخصت کی منظوری کا اختیار متعلقہ ہسپتالوں کے سربراہان کے پاس تھا، تاہم نئے احکامات کے بعد یہ اختیار محدود کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے افرادی قوت کی دستیابی کو یقینی بنانے اور مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
خواتین ڈاکٹرز اور ملازمین کے لیے میٹرنٹی اور عدت کی رخصت کی منظوری کا اختیار بدستور ہسپتال انتظامیہ کے پاس ہی رہے گا تاکہ ان معاملات میں تاخیر سے بچا جا سکے۔ محکمہ صحت نے تمام سرکاری طبی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نئے احکامات پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔
مزیدپڑھیں :















