مظفر آباد ( اے بی این نیوز )آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ مسلم لیگ ن نے ٹکٹ کے لیے درخواستیں جمع کرانے والے امیدواروں کے انٹرویوز کا شیڈیول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق مظفرآباد، پونچھ اور میرپور ڈویژن کے امیدوار مقررہ تاریخوں پر پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہوں گے۔
مظفرآباد ڈویژن کے 9 حلقوں سے ٹکٹ کے لیے درخواست دینے والے امیدوار 13 فروری کو طلب کیے گئے ہیں، جبکہ پونچھ ڈویژن کے 11 حلقوں کے امیدوار 14 فروری کو راولاکوٹ میں انٹرویوز دیں گے۔ میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں کے امیدوار 15 فروری کو میرپور میں بورڈ کے سامنے پیش ہوں گے۔ مہاجرین کی نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار 17 فروری کو اسلام آباد میں بورڈ کے سامنے پیش ہوں گے۔
پارلیمانی بورڈ کی صدارت مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کریں گے۔ بورڈ میں پارلیمانی لیڈر راجہ فاروق حیدر، مشتاق منہاس، فاروق فاروق، افتخار گیلانی، نجیب نقی اور دیگر شامل ہوں گے۔ مجموعی طور پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے لیے آزاد کشمیر کے 33 انتخابی حلقوں سے تقریباً 180 امیدوار درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔ مظفرآباد ڈویژن سے 38، پونچھ ڈویژن سے 51 اور میرپور ڈویژن سے 90 امیدواران نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ میرپور ڈویژن کے حلقہ سہنسہ میں 26 امیدواروں نے ن لیگ کے ٹکٹ کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔
پارلیمانی بورڈ کے انٹرویوز کے بعد رپورٹ وفاقی وزراء کو پیش کی جائے گی اور اس کے بعد پارٹی صدر میاں محمد نواز شریف حتمی انٹرویوز کے بعد تمام امیدواروں کی منظوری دیں گے۔ اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے امیدواران کی فہرست حتمی شکل اختیار کر لے گی۔
مزید پڑھیں :ڈی آئی خان سےخبر غم، ایس ایچ او سمیت تین اہلکار شہید،ڈی ایس پی زخمی،جا نئے تفصیلات















