اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ہونے والا احتجاج مکمل طور پر کامیاب رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازش کے خلاف عوام نے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا اور سخت حالات کے باوجود لوگ سڑکوں پر نکلے، جسے وہ ایک بڑی کامیابی سمجھتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جتنی سختیاں کی گئیں، جتنا دباؤ ڈالا گیا، اس کے باوجود احتجاج نہ صرف ہوا بلکہ ملک بھر میں ہوا۔ ان کے مطابق کوئی ایک بھی ایسی جگہ نہیں تھی جہاں احتجاج نہ کیا گیا ہو، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام میں غم و غصہ موجود ہے اور وہ اپنے حق کے لیے کھڑے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید بتایا کہ بانی تحریک انصاف اس احتجاج سے مطمئن ہیں اور انہوں نے عوام کے ردعمل کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج عوام کی آواز تھا اور اس نے واضح کر دیا کہ لوگ جمہوریت کے خلاف کسی بھی اقدام کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس حکومت کی گڈی نہیں چڑھ سکتی، عوام کی گڈی چڑھی ہے۔ ان کے مطابق حکمران بسنت جیسے تہوار منا کر بھی عوام کے دلوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں کیونکہ اصل مسئلہ عوامی مسائل اور جمہوری اقدار کا ہے، جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور وہ نمائشی سرگرمیوں کے بجائے حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔ احتجاج نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام کی طاقت کو دبایا نہیں جا سکتا اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے آواز بلند ہوتی رہے گی۔
مزید پڑھیں :پاکستان میں صدقۂ فطر اور فدیۂ صوم کی سرکاری شرح کا اعلان کر دیا گیا ،جا نئے تفصیلات















