اہم خبریں

کوئٹہ، صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ،بلوچستان کے چپے چپے کا دفاع کر ینگے،مریم نواز

کوئٹہ،لاہور (اے بی این نیوز     )حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلحہ کی نمائش اور استعمال، ڈبل سواری اور گاڑیوں میں کالے شیشوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ گاڑیاں چلانے پر بھی پابندی ہوگی جبکہ پانچ سے زائد افراد کے اجتماعات، جلسے جلوس اور مظاہرے ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔ صوبے بھر میں چہرہ ڈھانپنے پر بھی ایک ماہ کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پابندیوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا

اور خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشت گردوں کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملوں کو دلیری سے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان ہے اور پاکستان بلوچستان ہے، ہر پاکستانی کو بلوچستان اور وہاں کے عوام سے گہری محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے چپے چپے کا دفاع کیا جائے گا اور صوبے پر اٹھنے والی ہر انگلی کا جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کو خون کی ایک ایک بوند کا حساب دینا ہوگا، پوری قوم پرعزم ہے اور دہشت گردی کو شکست دے کر ہی دم لے گی۔ مریم نواز کے مطابق دشمن کے ہاتھوں کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کا نہ دین سے کوئی تعلق ہے اور نہ بلوچ قومیت سے، یہ عناصر ملک کے غدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پورے پاکستان کے عوام بلوچستان کے محب وطن عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ قرآن و سنت میں ملک و قوم کے خلاف بغاوت کو سخت ناپسند کیا گیا ہے، اسلام عورتوں، بچوں اور بے گناہ افراد پر حملوں کی اجازت نہیں دیتا۔ ان کے مطابق بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے خود کو مسلمان نہیں کہلا سکتے۔

مزید پڑھیں :جے یو آئی حکومت کیخلاف میدان میں آگئی،احتجاج کا اعلان کر دیا،جا نئے شیڈول بارے

متعلقہ خبریں