اہم خبریں

مون سون کا نیا اسپیل پاکستان میں داخل بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مون سون کا نیا اسپیل پاکستان میں داخل ہو چکا ہے جس کے بعد بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث لاہور سمیت متعدد اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن بھر شدید حبس اور خشک موسم برقرار رہنے کے بعد رات گئے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 30 اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ مون سون کا بارش برسانے والا سسٹم آج دوبارہ پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں اور مزید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

اُدھر لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی سست روی پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ترقیاتی کام جلد مکمل نہ ہوئے تو مون سون کی بارشوں میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

علاوہ ازیں پی ڈی ایم اے نے یوم عاشور کے موقع پر ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 10 محرم الحرام کو لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت کئی اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ماہرین نے مون سون کا موجودہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جس سے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

بارشوں کی ممکنہ صورت حال کے پیش نظر ریسکیو 1122 کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے، جب کہ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کو تمام ضروری آلات کے ساتھ تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات نمایاں مشال یوسفزئی کا علیمہ خان کے بیٹے پر طنز

متعلقہ خبریں