اہم خبریں

پنجاب: سی ٹی ڈی کی تونسہ میں کارروائی، فتنۃ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ، بارود برآمد

تونسہ(نیوز ڈیسک)پنجاب کے شہر تونسہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے درمیان سرحدی گاؤں کے قریب شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خطرناک دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوکر جنگل کی طرف فرار ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، 5 زخمی مشتبہ افراد جنگل کی سمت فرار ہوگئے۔

سی ٹی ڈی نے ہلاک دہشت گردوں سے رائفلز، 3 آئی ای ڈیز، گولا بارود، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا، فرار دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے رومی اور تونسہ کے قریب چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں، مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، . سی ٹی ڈی نے 4 لاشیں ہسپتال منتقل کیں، ایک لاش دشہت گردوں کے ساتھی اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔

محسن نقوی، مریم نواز کا خراج تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تونسہ کے قریب فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پنجاب پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیم کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ خارجی دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گردوں کا تعاقب جاری رہے گا، دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔
مزیدپڑھیں:پی ٹی آئی کا محرم الحرام کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنیکا اعلان

متعلقہ خبریں