اہم خبریں

غیر معیاری پٹرول اور ڈیزل کی فروخت کرنیوالوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پنجاب بھر میں غیر معیاری پٹرول اور ڈیزل کی فروخت کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت اب صرف اوگرا سے منظور شدہ معیار کا ایندھن ہی فروخت کیا جا سکے گا۔

اس حوالے سے پنجاب حکومت نے چیکنگ کا سخت نظام متعارف کروا دیا ہے، جس میں انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کو فیول کے معیار کی جانچ کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ ایسے پٹرول پمپ یا کمپنیاں جو غیر معیاری ایندھن فروخت کرتی پائی گئیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے اور قانونی سزائیں شامل ہوں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے معیاری فیول کی فراہمی نہایت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں سموگ اور سانس کی بیماریوں کا بڑا سبب ہے، اور اس پر قابو صرف معیاری ایندھن کے استعمال سے ہی پایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ حکام کے مطابق اس مہم سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

متعلقہ خبریں