اہم خبریں

بینک سے کتنے ہزارکیش نکلوانے پر ٹیکس نہیں کٹے گا ؟ نان فائلرز کے لئے بڑا ریلیف

اسلام آباد (اے بی این نیوز) نان فائلرز کے لیے بینک سے ٹیکس فری رقم نکالنے کی حد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اب نان فائلرز روزانہ 75 ہزار روپے تک بینک سے کیش نکال سکیں گے، جس پر کوئی ایڈوانس ٹیکس عائد نہیں ہوگا، جبکہ اس سے قبل یہ حد 50 ہزار روپے تھی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فنانس بل پر بریفنگ دیتے ہوئے ایف بی آر حکام نے بتایا کہ 75 ہزار روپے سے زائد رقم نکالنے پر نان فائلرز سے 0.8 فیصد ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جائے گا، جو پہلے 0.6 فیصد تھا۔

ایف بی آر نے ای کامرس بزنس پر بھی ٹیکس کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ اب آن لائن کپڑوں کی فروخت پر 2 فیصد انکم ٹیکس، الیکٹرانکس پر 0.5 فیصد، اور دیگر اقسام کے کاروبار پر 1 فیصد انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ رجسٹرڈ ای کامرس کاروباری افراد کو اپنی آمدن پر ٹیکس ادا کرنا ہو گا، اور کسٹمرز کے آرڈر کے وقت جاری کی جانے والی بِلنگ تفصیل کو آن لائن ریٹرن تصور کیا جائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ بینک اور کورئیر کمپنیاں ایف بی آر کے اتھارائزڈ ایجنٹ کے طور پر کام کریں گی اور ٹیکس وصولی میں معاونت کریں گی۔ آن لائن کاروبار کرنے والے تاجر کسٹمرز سے ٹیکس کی مد میں اضافی رقم نہیں وصول کر سکیں گے۔

ایف بی آر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں جیسے گوگل، یوٹیوب اور فیس بک پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ جن غیر ملکی ڈیجیٹل کمپنیوں کے پاکستان میں دفاتر قائم ہوں گے، ان پر یہ ٹیکس صرف 5 فیصد عائد کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد ان عالمی ڈیجیٹل کمپنیوں کو پاکستان میں اپنے دفاتر کھولنے کی ترغیب دینا ہے۔

متعلقہ خبریں