اہم خبریں

فلیٹ اور گھر کی خریداری کے خواہشمند افراد کے لئے اہم خبر ، نئی سکیم متعارف

اسلام آباد (اے بی این نیوز) حکومت نے فلیٹس اور گھروں کی خریداری پر 30 فیصد ٹیکس کریڈٹ کی نئی اسکیم متعارف کرادی ہے، جس کا مقصد عام شہریوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی میں آسانی فراہم کرنا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فنانس بل پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے بتایا کہ پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں ردوبدل کیا گیا ہے جبکہ ایف ای ڈی (فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی) کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

نئی شرح کے مطابق:

  • 5 کروڑ روپے تک کی پراپرٹی خریدنے پر ودہولڈنگ ٹیکس 1.5 فیصد ہوگا۔
  • 10 کروڑ روپے تک کی پراپرٹی پر یہ شرح 2 فیصد کر دی گئی ہے۔
  • 10 کروڑ روپے سے زائد کی پراپرٹی پر ودہولڈنگ ٹیکس 2.5 فیصد عائد ہوگا۔

جبکہ پراپرٹی فروخت پر:

  • 5 کروڑ روپے کی فروخت پر ودہولڈنگ ٹیکس 4.5 فیصد ہوگا۔
  • 5 سے 10 کروڑ روپے کی پراپرٹی فروخت پر 5 فیصد اور
  • 10 کروڑ روپے سے زائد کی فروخت پر 5.5 فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

چیئرمین ایف بی آر کے مطابق اگرچہ آئی ایم ایف ودہولڈنگ ٹیکس کی کمی کے خلاف ہے، تاہم حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 10 مرلہ کے گھروں اور فلیٹس کی خریداری پر 30 فیصد ٹیکس کریڈٹ کی سہولت دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ:

  • رجسٹرڈ کاروبار اگر 2 لاکھ روپے سے زائد کی نقد رقم اشیاء کی فروخت کے بدلے وصول کرے گا تو اسے 30 ہزار روپے پینلٹی ادا کرنا ہوگی۔
  • رینٹل آمدن کو نقصان کے طور پر ایڈجسٹ کرنے کی سہولت ختم کرنے کے لیے بھی فنانس بل میں ترمیم شامل کی گئی ہے۔

مزید برآں، فاٹا اور پاٹا پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ختم کر کے ابتدائی طور پر 10 فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے، جبکہ آئندہ چار سالوں میں یہ شرح 18 فیصد تک بڑھا دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں