لندن/اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی بہترین حکمت عملی کے تحت فتح حاصل کی۔ ان کے بقول، جنرل عاصم منیر فیلڈ مارشل کے عہدے کے مکمل حقدار ہیں۔
نواز شریف نے لندن میں ریجنٹس پارک مسجد میں نماز عید ادا کی، جس کے بعد پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اب درست سمت میں گامزن ہے۔ اُن کے مطابق، شہباز شریف نے معیشت کو سنبھالا دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بحال کیا۔
نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے دفاعی سطح پر واضح برتری حاصل کی، اور اس کامیابی کا سہرا آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو جاتا ہے جنہوں نے “فیلڈ مارشل جیسی جنگی حکمت عملی” کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور حالیہ ضمنی انتخاب میں سمبڑیال کی فتح عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔