اسلام آباد (اے بی این نیوز ) ملک کےمیدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ آزادکشمیر کے علاقے باغ، راولاکوٹ، حویلی، فاروڈ کہوٹہ، مظفرآباد، مری ، ہٹیاں بالا، چکار، جہلم اور نیلم ویلی ، وادی گریس ، گلگت بلتستان، ایبٹ آباد، ناران کاغان، سوات دیر سمیت بالائی علاقوں میں برف باری سے تمام رابطہ سڑکیں بند ، عوام گھروں میں محصور ہوگئی، ۔تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا
بلوچستان کے شمالی اضلاع سےگزرنے والی این 50 اور این 25 ہائی ویز شدید برف باری کی لپیٹ میں ہیں جبکہ متعدد رابطہ سڑکیں بند اور سڑکوں پر برف ہی برف ہے ۔مری میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد مال روڈ پر پہنچ گئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں اب تک 8 انچ تک برف پڑچکی ہے جبکہ درجہ حرارت منفی 2ڈگری تک گر چکا ہے
برفباری کا یہ سلسلہ مزید 6گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا ۔پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی وجہ سے سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ہے ، بارش کے ساتھ ژالہ باری سے زمین سفید ہو گئی ۔محکمہ موسمیات نے کے پی میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور شانگلہ میں درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق خطۂ پوٹھو ہار، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد ،منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ مری ، گلیات اور گردونواح میں چند مقاما ت پر درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ۔
محکمہ موسمیات نے اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا بھی امکان ہے ، آج کم سےکم درجہ حرارت لہہ ،پاراچنار، قلات منفی07، گوپس منفی 06، کالام منفی 05 ، مالم جبہ، مسلم باغ اورکوئٹہ میں منفی 04 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔