اہم خبریں

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا عمر ایوب کو فون،پی ٹی آئی نے مذاکرات میں شرکت کرنے سے دو ٹوک انکار کر دیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز)حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور کل ہونا ہے تاہم پی ٹی آئی نے میز پر بیٹھنے سے انکار کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ عمر ایوب کو فون کیا اور ملاقات میں بیٹھنے کی دعوت دی۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سپیکر نے عمر ایوب کو فون کیا اور کہا کہ کسی بھی تنازع کا حل بات چیت سے ہی نکل سکتا ہے اس لیے وہ کل کے اجلاس میں شرکت کریں تاہم عمر ایوب نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام تک مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے کل ہونے والے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کہنے پر مذاکرات کے چوتھے دور کا بائیکاٹ کیا ہے اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے تین دور ہو چکے ہیں جس میں تحریک انصاف نے اپنے مطالبات تحریری طور پر بھی پیش کیے تھے۔یہ بھی پڑھیں عمران خان مایوس، پی ٹی آئی کو مذاکرات ختم کرنے کی جلدی تھی، حکومت؟

اب حکومت کو پی ٹی آئی کو جواب دینا تھا تاہم پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ مذاکرات اسی وقت آگے بڑھیں گے جب حکومت 9 مئی اور 26 نومبر کو جوڈیشل کمیشن بنائے گی۔

مزید پڑھیں :8 فروری کوپی ٹی آئی پنجاب کا مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا فیصلہ

متعلقہ خبریں