اہم خبریں

اسلام آباد ہائی کورٹ: ایف آئی اے لاء ڈیپارٹمنٹ میں ترقیوں کا معاملہ

اسلام آباد(محمد ابراہیم عباسی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کے لاء ڈیپارٹمنٹ میں ترقیوں کے معاملے پر اسٹبلشمنٹ ڈویژن، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے سے جواب طلب کر لیا ہے۔

جسٹس بابر ستار نے ایف آئی اے کے افسران کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے حکمنامہ جاری کیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایف آئی اے میں ڈائریکٹر لاء کی آسامیوں کے لیے کیڈر کو غلط طور پر محدود دکھایا گیا۔وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ورکنگ پیپرز میں صرف ایک پوسٹ کو ظاہر کیا گیا ہے، حالانکہ قواعد کے مطابق چار پوسٹیں خالی ہیں۔

درخواست گزاران گریڈ 19 میں بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر لاء خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ میں انہیں بھی شامل کیا جائے۔درخواست گزاروں کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھی اس معاملے پر درخواست دی گئی ہے، جس پر عدالت نے سنٹرل سلیکشن بورڈ کے اجلاس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے اسٹبلشمنٹ ڈویژن، وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔کیس کی آئندہ سماعت 21 نومبر کو ہوگی۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی ڈویژن کے تمام تعلیمی ادارے منگل سے دوبارہ کھل جائیں گے

متعلقہ خبریں