کوئٹہ(نیوز ڈیسک ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بم دھماکہ ہوا ہے۔پولیس کے مطابق مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول سنڈیمن اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو دھماکے کی جگہ کے قریب پڑا تھا۔