اہم خبریں

پی ٹی آئی کا لاہور میں جلسہ،کارکن پہنچنا شروع،اسٹیج کی تیاریاں جاری

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے کے لیے کارکن پہنچنا شروع ہو گئے۔جلسہ گاہ میں مرکزی سٹیج کی تیاریاں جاری ہیں۔ جلسہ گاہ میں سٹیج کے لیے کنٹینر لایا گیا۔ کنٹینر کو کرین کی مدد سے کھینچ کر جلسہ گاہ تک پہنچایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 43 شرائط کے ساتھ کاہنہ میں جلسے کی اجازت دے دی۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور جلسے کا وقت سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ آج کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کرے تاکہ لوگ وقت پر پہنچ سکیں اور جلسہ وقت پر ختم ہو۔

پی ٹی آئی کے کارکن پرامن رہے اور ایک بجے تک جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پشاور موٹروے انٹرچینج پہنچ گئے۔ علی امین گنڈا پور کنٹینر پر سوار ہوئے بغیر صوابی روانہ ہوگئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا لاہور جلسہ میں شرکت کریں گے۔ خیبرپختونخوا حکومت لاہور جلسہ میں شرکت کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔

صوابی میں ریسکیو، پی ڈی اے اور ٹی ایم ایز کی درجنوں گاڑیاں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق راستے میں حائل رکاوٹوں کو بھاری مشینری کی مدد سے ہٹایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ شرائط و ضوابط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 8 ستمبر کو اسلام آباد میں کی گئی تقریر پر معافی مانگیں گے۔

کوئی اشتہاری مجرم جلسے میں شریک نہیں ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریلی میں افغان پرچم نہیں لہرایا جائے گا۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ایس پی ٹریفک پولیس سے رابطہ کریں گے۔ شرائط میں یہ شامل ہے کہ کسی کو بھی کاروبار بند کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا، کسی کو بھی لاٹھی، اسلحہ لے کر جلسہ گاہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پٹاخے کی نمائش پر سختی سے پابندی ہوگی اور آتش بازی کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی دھمکیوں کی اطلاعات کے پیش نظر منتظمین کو اس بات کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ وہ شرکاء اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ اس لیے جلسہ گاہ کے اندر اور باہر تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
مزید پڑھیں: مہنگائی میں کمی کے باوجود 17 اشیاء کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ

متعلقہ خبریں