اہم خبریں

وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد نے ہفتے کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کے مقدمات سے متعلق درخواستوں کی سماعت جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں ہوئی۔ انہوں نے گنڈا پور کو صبح 10 بجے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔اس موقع پر گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرائی۔

جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت ملزم کا طرز عمل دیکھے، مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ آخری بار 4 تاریخ کو حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی اور 8 تاریخ کو ملاقات میں طبیعت ٹھیک تھی۔

وکیل ظہور نے موقف اختیار کیا کہ عدالت آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرے، آئندہ حاضری کی یقین دہانی کرائی۔جج طاہر عباس نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور، واثق قیوم عباسی، راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

اس کے علاوہ عدالت نے عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری کے باعث اشتہاری مجرم قرار دے دیا۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ آئی نائن میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔جج طاہر عباس نے فیصل جاوید کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں: ستاروں کی روشنی میں آج بروزہفتہ،21ستمبر 2024 آپ کا کیرئر،صحت، دن کیسا رہے گا ؟

متعلقہ خبریں