اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) انسداددہشتگردی عدالت اسلام آباد کی جانب سے پی ٹی آئی مرکزی ترجمان رؤف حسن کے ضمانتی مچلکے جمع،روبکار جاری کر دی گئی۔
عدالتی عملہ رؤف حسن کی رہائی کیلئے روبکارلیکر جیل روانہ ہو گیا۔
عدالت نے2 لاکھ روپے کےمچلکوں کےعوض ضمانت منظور کی تھی۔ پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن کی اسلحہ برآمدگی کیس میں ضمانت منظوری کا تحریری فیصلہ جاری۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔ جاری فیصلے کے مطابق
رؤف حسن مقدمے میں نامزد نہیں، نہ ہی کوئی اسلحہ یا بارودی مواد ان سے برآمد ہوا۔
رؤف حسن کو مرکزی ملزم احمد وقاص کے بیان پر مقدمے میں شامل کیا گیا۔ احمد وقاص نے بیان دیا کہ اسلحہ و بارودی مواد کیلئے پیسہ رؤف حسن دیا کرتے تھے۔ جسمانی ریمانڈ کے دوران رؤف حسن سے کچھ برآمد ہوا نہ ان کی نشاندہی پر کچھ ملا۔
رؤف حسن کا اسلحہ و بارودی مواد کیلئے پیسہ فراہم کرنے کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں ملے۔ رؤف حسن کو مرکزی ملزم احمد وقاص کے پولیس کسٹڈی میں دیئے گئے بیان کی بنا پر شامل کیا گیا۔
پولیس کسٹڈی میں دیئے گئے ایک ملزم کے بیان کو شریک ملزم کیخلاف استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
رؤف حسن 75 سال کے بزرگ ہیں اور سخت بیماریوں کا شکار ہیں۔ رؤف حسن دل کے امراض میں مبتلا ہیں اور کینسر سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ رؤف حسن تعلیم یافتہ شخص ہیں، گزشتہ جرائم کا کوئی ریکارڈ نہیں۔
رؤف حسن کیخلاف تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، وہ استغاثہ کو مطلوب بھی نہیں۔ رؤف حسن کی ضمانت بعد از گرفتاری 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے۔
مزید پڑ ھیں :برطانیہ میں سیاسی پناہ ملنے تک حسینہ واجدکو بھارت میں رہائش دینے کا فیصلہ