لاہور( نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائز مریم نواز کی پاکستان واپسی کی تاریخ ایک بار پھر تبدیل ہو گئی اب 28 جنوری کو پاکستان آئیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق پیر سے جمعرات تک مسلم لیگ (ن) کے عارضی ہیڈ کوارٹر لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت 4 اہم اجلاس ہوں گے، جن میں مریم نواز ،رانا ثناء اللہ، سینیٹر افنان کے ساتھ ساتھ اہم سینئر لیگی رہنما پاکستان سے ویڈیو لنک سے شرکت کریں گے۔ آنے والے اجلاس کے ایجنڈے میں خیبرپختونخوا اور پنجاب الیکشن کے ساتھ ساتھ نواز شریف کو دی گئی ناجائز سزاؤں سے چھٹکارا اور ان کی جلد پاکستان واپسی شامل ہے۔ (ن) لیگی ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین سے مزید مشاورت کی جائے گی۔ دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائز مریم نواز کی پاکستان واپسی کی تاریخ میں ایک دن کی تبدیلی ہوگئی ۔ مریم نواز اب 26 جنوری کی بجائے27 جنوری کو برطانیہ سے روانہ ہوں گی اور 28 جنوری لاہور پہنچیں گی۔















