اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے ”عوام پاکستان“ پارٹی کے قیام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج اربوں پتی سرمایہ کاروں کا اکٹھ تھا، پرانی ٹیپ چلائی گئی۔
ایک بیان میں عطا تارڑ نے عوام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اقتدار کے مزے لینے والوں نے پرانی ٹیپ چلائی۔ آج تضادات سے بھرپور تقریریں دیکھنے کو ملیں۔
شاہد خاقان عباسی کا نام لیے بغیر وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کا سوال ہے کہ جب ملک کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان تھے تب آپ کیوں خاموش تھے۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم، وزیر پیٹرولیم اور وزیر خزانہ رہنے والے آج کئے گئے اعلانات پر اقتدار کے عہدوں پر رہتے ہوئے عمل کیوں نہ کر سکے۔ جن لوگوں میں وفا جیسی صفت نہ ہو، وہ اقدار کی سیاست کیا کریں گے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک جانب کہتے ہیں کہ اقتدار ہماری منزل نہیں اور ساتھ ہی اپنے آپ کو مسیحا بھی قرار دیتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ جب جب اقتدار میں آئی اس نے عوام کے معیار زندگی اور ملکی ترقی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وزیراعظم اور ان کی کابینہ دن رات پاکستان کو معاشی میدان میں ابھرتا ہوا ملک بنانے کے لئے اپناحصہ ڈال رہےہیں















